حیدرآباد 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام)وائی ایس آر کانگریس پارٹی کل 14 مارچ سے اپنی انتخابی مہم کو قطعیت دے گی۔ پارٹی صدر جگن موہن ریڈی نرسا پور سے انتخابی مہم شروع کریں گے ۔اس مہم میں ان کے ہمراہ وائی ایس آر کانگریس کی اعزازی صدر وجیہ اماں (والدہ) اور بہن شرمیلا بھی حصہ لیں گی۔ وجیہ اماں کی یاترا 16 مارچ سے ضلع اننت پور کے کدری مقام سے شروع ہوگی اور 23 مارچ کو ضلع کرنول میں یمگنور میں اختتام کو پہنچے گی۔ شرمیلا اپنی یاترا نیلور میں سلورو پیٹ سے 17 مارچ کو شروع کریں گی اور ضلع پرکاشم کے مرکا پورم میں 21 مارچ کو ختم کریں گی۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اقتدار ملتا ہے تو ریاست میں سنہرے دور کادوبارہ آغاز ہوگا۔ اب صرف دو ماہ باقی رہ گئے ہیں اس ریاست کو ترقی دینے کیلئے وائی ایس آر کانگریس کو بھاری اکثریت سے منتخب کیا جانا چاہئے۔