ریاست کو خصوصی درجہ سے مرکز کے انکار پر پارٹی کا ردعمل ، کانگریس و دیگر پارٹیوںکی تائید
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے مرکزی حکومت کی جانب سے اے پی کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے سے انکار کرنے کے خلاف بطور احتجاج 2 اگست کو آندھرا پردیش بند منانے کا اعلان کیا ہے ۔ کانگریس کے بشمول دوسری جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے بند کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے ۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے وی پی رامچندر راؤ کی جانب سے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں خانگی بل پیش کیا گیا ۔ جس پر مباحث کے دوران مرکزی وزیر فینانس مسٹر ارون جیٹلی نے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کی کوئی تجویز نہ ہونے کا اعلان کیا تھا ۔ جس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر مسٹر جگن موہن ریڈی نے 2 اگست کو آندھرا پردیش بند منانے کا اعلان کیا تھا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے بند کو کامیاب بنانے اور اے پی کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر دوسری جماعتوں سے ملاقات کرتے ہوئے بند کی تائید حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی خواہش پر کانگریس پارٹی نے بند کی تائید کرنے کے لیے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے ۔ دوسری جانب وائی ایس آر کانگریس پارٹی کمیونسٹ جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقات کررہی ہے ۔ ترجمان وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر امباٹی رام بابو نے سیاسی مفادات کے لیے آندھرا پردیش کے مفادات کو نقصان پہونچانے کا تلگو دیشم پارٹی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش کو وعدے کے مطابق خصوصی ریاست کا درجہ دینے سے انکار کرنے کے بعد این ڈی اے سے دستبرداری اختیار کرنے کے بجائے مرکزی وزارت میں شامل رہتے ہوئے اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کررہی ہے ۔ آندھرا پردیش کے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے مرکز سے دستبرداری اختیار کرنے کے اشارے دیتے ہوئے وزیر اعظم کو بلیک میل کیا جارہا ہے ۔ جس کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت بلیک میل کرنے کا نہیں ہے ۔ بلکہ بی جے پی کے ساتھ رہنا ہے یا آندھرا پردیش کے عوام کے ساتھ رہنا ہے ۔ اس کا فیصلہ کرنا ہے ۔ تلگو دیشم کے قائدین مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہوئے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے رضاکارانہ طور پر 2 اگست کو بند میں حصہ لیتے ہوئے آندھرا پردیش کے جذبات سے مرکزی حکومت کو واقف کرانے پر زور دیا ہے ۔۔