جگن موہن ریڈی بحیثیت قائد اپوزیشن کارکردگی کی ستائش ، ڈی وینکٹیشور راؤ کا بیان
حیدرآباد /20 جون ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے ہم زلف سابق ریاستی وزیر ڈی وینکٹیشور راؤ نے آج اچانک غیر متوقع طورپر صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی غیر معمولی ستائش کی اور کہا کہ جگن موہن ریڈی بحیثیت اپوزیشن قائد بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور مسٹر جگن کی پد یاترا کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ پد یاترا سے ریاست میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کافی حد تک مضبوط و مستحکم ہوئی ہے ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ مسٹر جگن پد یاترا سے تلگودیشم کو نئی فکر لاحق ہوچکی ہے اور اس مسئلہ پر کافی مباحث جاری ہیں ۔ انہوں نے نریندر مودی کو غیر جانبدار و کوئی ذاتی مفاد نہ رکھنے والے قائد سے تعبیر کیا ۔ علاوہ ازیں انہوں نے پولاورم پراجکٹ کو ریاست کی ایک دولت قرار دیتے ہوئے دریافت کیا کہ جب پولاورم پراجکٹ قومی پراجکٹ قرار دئے جانے کے بعد آیا ریاستی حکومت کو پولاورم پراجکٹ کے کام انجام دینے کی ضرورت کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹی سمیا کی وجہ سے آج کرشنا ڈیلٹا باقی و برقرار ہے ۔ مسٹر ڈی وینکٹیشور راؤ نے یہ بات واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ و سابق مرکزی وزیر شریمتی ڈی پورندیشوری بی جے پی سے وابستہ رہنے کے باوجود وہ فی الوقت کسی بھی سیاسی پارٹی سے وابستہ نہیں ہے اور کہا کہ سال 2014 میں ہی انہوں نے سیاست سے دوری اختیار کرلی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ جدوجہد پر ایک کتاب تحریر کی ہے ۔ موجودہ سیاسی حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر راؤ نے کہا کہ فی الوقت عملی سیاست میں رہ کر ہاتھ جلا لینا بیکار بات ہوگی ۔ انتخابات میں رقومات کی تقسیم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی انتخابات میں رقومات تقسیم نہیں کئے تھے ۔ بلکہ بحیثیت رکن اسمبلی ہمیشہ ہر ایک کیلئے دستیاب رہنا ہی میری کامیابی کا اہم راز تھا ۔ سابق وزیر نے دریافت کیا کہ آیا انتخابات میں اپنی کامیابی کیلئے 20 کروڑ روپئے خرچ کرنے کے بعد وہ رکن اسمبلی عوامی خدمات کیا انجام دے گا ۔ مسٹر وینکٹیشور راؤ نے یاد دلایا کہ سال 1983 میں صرف پانچ ہزار روپئے خرچ کرکے تلگودیشم پارٹی کے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے ایم ایل ایز کئی تھے ۔
ریلوے ملازمین کو وقت کی پابندی کا مشورہ : جنرل منیجر ونود کمار
حیدرآباد ۔ 20جون ( سیاست نیوز ) ساؤتھ سنٹرل ریلویز منیجر مسٹر ونود کمار یادو نے ریلوے حکام کو مشورہ دیا کہ اپنی توجہ وقت کی پابندی اور حفاظت پر مرکوز کریں ۔ منگل کو ریل نیلائم میں منعقدہ اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عہدیدار وقت کی پابندی کو ترجیح اور ٹرین کی مناسب حفاظت پر توجہ دیں ۔ انہوں نے حکام پر غیر محفوظ کام کو محفوظ اور پابندی پر مرکوز کرنے کا مشورہ دیا ۔ جبکہ مانسون کی پیش قیاسیوں کو بھی مدنظر رکھنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے ریلوے کراسنگ کے ضمن میں تعمیر کئے جانے والے سب وے اور بریجس کے تحت سڑکوں کی تعمیر اور ان کی دیکھ بھال پر بھرپور توجہ دینے کا مشورہ دیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے زون میں ہونے والے مختلف ترقیاتی کام اور انفرااسٹرکچر پر بھی روشنی ڈالی ‘ جہاں تک صفائی کا معاملہ ہے انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ صاف ستھرائی کے اچھے نتائج اخذ کرنے کیلئے ایک میکانزم اختیار کریں ۔