حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( آئی این این ) : وائی ایس آر کانگریس کی پارلیمانی پارٹی نے 24 نومبر کو شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں ریاستوں کے مسائل کو اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی صدارت میں آج یہاں منعقدہ پارلیمنٹ پارٹی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ اس میٹنگ کے بعد لوک سبھا میں پارٹی لیڈر میکا پاٹی راج موہن ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے کہا ’’ ہم کسانوں کے مسائل ، آبپاشی ، ریلویز اور دیگر مسائل کو اٹھائیں گے اور متعلقہ وزراء کے ساتھ مباحث میں حصہ لیتے ہوئے دونوں ریاستوں کی ترقی کے عمل میں ہمارا حصہ ادا کریں گے ‘‘ ۔۔