وائی ایس آر کانگریس قائد شرمیلا کے دورۂ نلگنڈہ کی مذمت

کانگریس کی جانب سے رکاوٹ پیدا کرنے کا انتباہ، وی ہنمنت راؤ کا بیان
حیدرآباد /5 جون (سیاست نیوز) اے آئی سی سی سکریٹری و رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے مسز شرمیلا کے دورۂ نلگنڈہ کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کی جانب سے رکاوٹ پیدا کرنے کا انتبادہ دیا۔ آج انھوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کا دورہ کرنے سے شرمیلا کو کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے، کیونکہ ان کی پارٹی نے تلنگانہ کی مخالفت کی تھی۔ ووٹ برائے نوٹ معاملے میں ریونت ریڈی کو مہرہ قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اصل سازشی ذہن تو چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کا ہے، جن کے ایما پر ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس کے نامزد رکن اسمبلی اسٹیفن کو خریدنے کی کوشش کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کی مخالف وائی ایس آر ایس کانگریس کا ووٹ حکمراں ٹی آر ایس کو ملنے کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان خفیہ اتحاد ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے شرمیلا کے دورہ نلگنڈہ پر ٹی آر ایس خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، تاہم کانگریس پارٹی خاموش نہیں رہے گی، بلکہ ان کے دورہ میں رکاوٹ پیدا کرے گی۔ انھوں نے ریونت ریڈی رشوت ستانی معاملے کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کرانے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا اور کہا کہ اس قسم کے معاملات کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے سنجیدہ کارروائی ضروری ہے۔ انھوں نے کانگریس، تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس کے ارکان اسمبلی کی ٹی آر ایس میں شمولیت کو بھی سی بی آئی تحقیقات میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ مسز شرمیلا 9 جون سے ضلع نلگنڈہ کا دورہ کرتے ہوئے راج شیکھر ریڈی پر جان نچھاور کرنے والوں کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیں گی، جس کی تیاریاں وائی ایس آر کانگریس کی جانب سے جاری ہیں۔