وائی ایس آر کانگریس قائدین کے طرز عمل سے ریاست کی بے عزتی

چیف منسٹر چندرا بابو اے پی کو ترقی دینے میں مصروف ، وزیر اسپورٹس کے رویندر کا بیان
حیدرآباد /26 ستمبر ( سیاست نیوز ) وزیر اسپورٹس و یوتھ سرویس آندھراپردیش کے رویندرا نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین کے طرز عمل سے ریاست کی بے عزتی ہونے اور ریاست کا وقار متاثر ہونے پر سخت اعتراض کیا اور کہا جبکہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو دن رات محنت کرتے ہوئے آندھراپردیش کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں ۔ لیکن وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین اپنے سیاسی مفادات کیلئے قدم قدم پر روکاوٹیں پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔ وزیر نے مزید بتایا کہ ریاست میں قائم کی جانے والی انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹیوں کے قیام میں کرپشن اور بے قاعدگیوں کے واقعات پیش آنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی ۔ اس درخواست کو مسترد کردیا ۔ وزیر نے بتایا کہ متحدہ ریاست آندھراپردیش میں اس وقت کے چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے بھی چندرا بابو نائیڈو کے خلاف کئی تحقیقات کروائیں اور تحقیقاتی کمیشن قائم کئے اور تحقیقاتی کمیٹیاں بھی تشکیل دی تھیں ۔ لیکن کسی ایک کمیشن یا کوئی ایک تحقیقاتی کمیشن نے مسٹر چندرا بابو نائیڈو کی بے قاعدگیوں کو ثابت نہیں کرسکے ۔ رویندرا نے مزید کہا کہ مسٹر این لوکیش نے کئی مرتبہ قائد اپوزیشن مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو ریاستی حکومت میں بے قاعدگیوں و کرپشن جیسے واقعات کے مسئلہ پر چیالنج کیا ۔ لیکن جگن موہن ریڈی نے مسٹر لوکیش کے چیالنج کو قبول نہیں کیا ۔ وزیر قائد اپوزیشن سے اس کی وضاحت کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔