اننت پور /4 مارچ ( پی ٹی آئی ) اننت پور ضلع میں رائے درگ کے رکن اسمبلی ( وائی ایس آر کانگریس پارٹی ) مسٹر کے رامچندر ریڈی نے پولیس کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف آج پولیس اسٹیشن کے روبرو کیڑے مار دوا پی کر خود کشی کی کوشش کی ۔ انہیں دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے ۔ اننت پور کے ایک سینئر پولیس عہدیدار کے بموجب مسٹر رامچندر ریڈی وائی ایس آر کانگریس کے رکن اسمبلی ہیں ۔ انہوں نے زہر پی لیا تھا جس کے بعد انہیں پولیس نے ایک مقامی دواخانہ کو منتقل کیا تھا جہاں سے انہیں بیلاری میں وجئے نگرا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس کو منتقل کیا گیا ہے ۔ چونکہ ریاست میں اب میونسپل انتخابات ہونے والے ہیں ایسے میں پولیس کی جانب سے تمام اضلاع میں حالات بگاڑنے والے عناصر اور دوسرے غیر سماجی عناصر کی احتیاطی اقدام کے طور پر نشاندہی کی جا رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں اعتراض کرتے ہوئے مسٹر ریڈی اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ پولیس اسٹیشن رائے درگ پہونچے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس ان کی پارٹی کے کارکنوں پر پابندیاں عائد کرنے سے گریز کرے ۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس ان کے بعض حامیوں پر تھرڈ ڈگری استعمال کر رہی ہے اور اس کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہئے ۔ چونکہ پولیس نے ان کے مطالبہ کو تسلیم نہیں کیا انہوں نے تیزی کے ساتھ کیڑے مار دوا کی بوتل نکالی اور اسے پی گئے ۔ عہدیدار نے بتایا کہ چونکہ ریاست میں پولیس ایکٹ کا دفعہ 30 نافذ ہے ایسے میں پولیس نے ان کے کچھ ساتھیوں کو وہاں سے منتشر کرنے کی کوشش کی جس کے بعد رکن اسمبلی نے زہر پی لیا تھا ۔ اننت پور کے ایس پی نے بتایا کہ احتیاطی طور پر انہیں دواخانہ منتقل کیا گیا ہے کیونکہ یہ صد فیصد یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ انہوں نے زہر پیا تھا ۔