حیدرآباد 5 جون (سیاست نیوز) سینئر قائد و اننت پور ایم پی تلگودیشم مسٹر جے سی دیواکر ریڈی نے کہاکہ وائی ایس آر کانگریس ارکان پارلیمان کے استعفوں کی پیشکشی سوائے ڈرامہ کے اور کچھ نہیں۔ بلکہ بی جے پی اور وائی ایس آر کانگریس کی باہمی ناٹکوں کا ایک حصہ ہیں۔ جے سی دیواکر ریڈی نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وائی ایس آر کانگریس ایم پیز اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ عام انتخابات کیلئے ایک سال درکار ہے تو ضمنی انتخابات کی کوئی گنجائش نہیں رہتی۔ اسی لئے تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد ان ایم پیز نے استعفے شخصی طور پر اسپیکر لوک سبھا کو پیش کئے۔ اس کے باوجود اسپیکر استعفوں کو منظور کرنے میں تاخیر کررہی ہیں اور یہ سب اقدامات بی جے پی حکومت کی ایماء پر ہی کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسپیکر جانبداری کا مظاہرہ کررہی ہیں۔