وائی ایس آر سی پی گویند ریڈی کا کونسل کیلئے ادخال پرچہ نامزدگی

صدر پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی سے اظہار تشکر، آندھرا پردیش میں مقابلہ آرائی
حیدرآباد /20 مئی (سیاست نیوز) قائد وائی ایس آر کانگریس گویند ریڈی نے آج سکریٹری آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے ایم ایل سی انتخابات کے لئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ واضح رہے کہ آندھرا پردیش قانون ساز کونسل میں ایم ایل اے کوٹہ کے چار ایم ایل سی نشستوں کے لئے الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ 21 مئی پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے، جب کہ 23 مئی تک پرچہ نامزدگی سے دست برداری اختیار کی جاسکتی ہے۔ اگر چار سے زائد پرچہ جات نامزدگی داخل ہوتے ہیں تو یکم جون کو رائے دہی ہوگی اور اگر صرف چار نامزدگیاں داخل ہوتی ہیں تو بلامقابلہ انتخاب ہوگا۔ آندھرا پردیش اسمبلی میں عددی طاقت کے لحاظ سے حکمراں تلگودیشم کی تین اور اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کی ایک نشست پر کامیابی یقینی ہے۔ قائد اپوزیشن آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی نے پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد گویند ریڈی کو پارٹی امیدوار بنایا ہے۔ گویند ریڈی اعلی سرکاری عہدہ پر فائز تھے، ان کا شمار ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے حامیوں میں ہوتا تھا۔ راج شیکھر ریڈی کی خواہش پر انھوں نے سرکاری عہدہ سے مستعفی ہوکر 2004ء میں حلقہ اسمبلی بدویل سے کانگریس ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔ان کا شمار وائی ایس آر کانگریس کے بانی ارکان میں ہوتا ہے۔ اس دوران گویند ریڈی نے کہا کہ جگن موہن ریڈی وعدہ پر قائم رہنے والے قائد ہیں، وعدہ کے مطابق انھوں نے مجھے کونسل کا رکن نامزد کیا ہے، جب کہ ان کے والد ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے آشیرواد سے وہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ انھوں نے جگن موہن ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔

ایس ایس سی میاتھس / سائنس کی انسٹنٹ امتحان کی کوچنگ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ایس ایس سی ناکام طلباء کے لیے اڈوانسڈ سپلیمنٹری ( انسٹنٹ ) امتحان کی تیاری کے لیے میاتھس اور سائنس کی کوچنگ کلاسیس شام 6 تا 8-30 بجے سری چندرا جونیر کالج نزد چومحلہ پیالیس خلوت روڈ پر رکھی جارہی ہے ۔ امیدوار 9030016313 پر ربط کریں ۔۔
پالی سیٹ کی تیاری کیسے کریں ، پر سمینار
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( راست ) : مایناریٹی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر فاونڈیشن کی جانب سے ایک روزہ سمینار پالی سیٹ کی تیاری کیسے کریں پر گیلکسی جونیر اور ڈگری کالج میں بروز ہفتہ 23 مئی کو صبح 10-30 تا 1-30 بجے دوپہر رکھا گیا ہے ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9392934848 ۔ 9346449096 پر ربط کریں ۔۔