وائی ایس آر سی پی کا بھی کانگریس جیسا حشر ہوگا : وائی راما کرشنوڈو

کرنول۔ 8 فروری (این ایس ایس) تلگو دیشم پارٹی کے سینئر قائد اور اے پی کے وزیر فینانس وائی راما کرشنوڈو نے آج کہا کہ عوام نے کانگریس کو مسترد کردیا ہے اور اسے دفن کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا بھی کانگریس پارٹی جیسا حشر ہوگا۔ آج کرنول میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے راما کرشنوڈو نے کہا کہ تلگو دیشم حکومت ریاست میں ترقی اور فلاحی پروگرامس کیلئے خاطر خواہ فنڈس مختص کرے گی۔ یہ کہتے ہوئے کہ ریاست کے بجٹ میں 16,000 کروڑ روپئے کا خسارہ ہے۔ راما کرشنوڈو نے کہا کہ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو اس فرق کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ مرکز کی جانب سے ریاست کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے زیادہ فنڈس فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ری آرگنائزیشن ایکٹ میں کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔