وائی ایس آر سی پی سے مستعفی ، پارٹی قائدین اور وزراء نے استقبال کیا

آنجہانی پی جناردھن کی دختر وجیا ریڈی کی ٹی آر ایس میں باضابطہ شمولیت

حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد و سابق سی ایل پی لیڈر آنجہانی پی جناردھن ریڈی کی دختر وجیا ریڈی نے آج وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دیکر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ سینکڑوں کی تعداد میں حامیوں کے ساتھ وہ جلوس کی شکل میں تلنگانہ بھون پہنچیں جہاں پارٹی کے سینئر قائدین اور وزراء نے ان کا استقبال کیا۔ وجیا ریڈی نے تلنگانہ بھون پہنچنے سے قبل خیریت آباد میں واقع اپنے والد پی جناردھن ریڈی کے مجسمہ پر پھول چڑھائے اور مہاکالی مندر میں پوجا کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ کے کیشو راؤ ، کے کویتا ، ایم ایل سی راملو نائک کے علاوہ سابق رکن اسمبلی این نرسمیا نے وجیا ریڈی کا ٹی آر ایس میں استقبال کیا ۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وجیا ریڈی کی شمولیت سے نہ صرف خیریت آباد بلکہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پارٹی مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس شاندار مظاہرہ کرے گی اور زائد بلدی نشستوں پر کامیابی کے ذریعہ میئر کی نشست پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلگو دیشم کے کئی قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت کیلئے تیار ہیں۔ وزیر داخلہ نے کل منعقد جامع سروے کو صد فیصد کامیاب قرار دیا اور بی جے پی قائد کشن ریڈی اور تلگو دیشم قائد ریونت ریڈی کے الزامات کو مسترد کردیا ۔

انہوں نے کہا کہ سروے کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کو کے سی آر کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو برسوں میں تلنگانہ برقی کے شعبہ میں خود مکتفی ہوجائے گا۔ غریبوں کیلئے مکانات کی تعمیر اور کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی اسکیمات پر جلد عمل آوری ہوگی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت آندھرائی عوام کے خلاف نہیں ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے کہا کہ پی جناردھن ریڈی غریب عوام کے قائد تھے اور ان کی دختر کی شمولیت سے ٹی آر ایس مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں ہندو۔مسلم اتحاد اور گنگا جمنی تہذیب قابل تقلید ہے۔ رکن پارلیمنٹ کویتا نے وجیا ریڈی کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شہر میں پارٹی مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وجیا ریڈی ان کی بہن کی طرح ہیں اور انہیں عوامی خدمت کا جذبہ ہے۔ کویتا نے کہا کہ وجیا ریڈی کی شمولیت کے بعد آئندہ بلدی انتخابات میں بلدیہ کے دفتر پر ٹی آر ایس کا جھنڈا لہرائے گا۔ وجیا ریڈی کی شمولیت بلدیہ پر ٹی آر ایس کے قبضہ کی سمت پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دیگر جماعتوں سے کئی قائدین ٹی آر ایس میں شامل ہوں گے۔ وجیا ریڈی نے تلنگانہ ریاست کے حصول کو کے سی آر کی جدوجہد کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد مجلس بلدیہ کے انتخابات میں ٹی آر ایس شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔