وائی ایس آرکانگریس کے منشور میں سرکاری ملازمین کے مسائل کو شامل کرنے کا تیقن

صدراے پی این جی اوز اسوسی ایشن اشوک بابو کی وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات

حیدرآباد۔6اپریل ( سیاست نیوز) ریاستی وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے سرکاری ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو اپنے انتخابی منشور میں شامل کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ اس سلسلہ میں صدر اے پی این جی اوز اسوسی ایشن مسٹر اشوک بابو نے آج صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات کر کے انہیں سرکاری ملازمین کے درپیش مختلف مسائل سے واقف کرواتے ہوئے ان مسائل کو اپنے انتخابی منشور میں شامل کرنے کی خواہش کی جس پر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے صدر اے پی این جی اوز اسوسی ایشن کو اس سلسلہ میں واضح تیقن دیا ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر اشوک بابو نے یہ بات کہی اور بتایا کہ مسٹر جگن موہن ریڈی نے اے پی این جی اوز اسوسی ایشن کی نمائندگی پر اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی زیر قیادت حکومت نے سرکاری ملازمین کو جس طرح دوستانہ ماحول کیساتھ مسائل کی یکسوئی سے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا تھا اسی خطوط پر وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے برسراقتدار آنے پر مؤثر اقدامات کئے جائیں گے ۔ صدر اے پی این جی اوز اسوسی ایشن نے مزید کہا کہ کنٹراکٹ کی اساس پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کی خدمات کو بھی باقاعدہ بنانے اور حیدرآباد میں سیما آندھرا ملازمین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے تعلق سے بہت جلد موثر اقدامات کرنے کا بھی واضح تیقن دیا ہے ۔ اس سوال پر کہ آیا عام انتخابات میں اے پی این جی اوز اسوسی ایشن کس سیاسی جماعت کی تائید کرے گی ؟ جواب دیتے ہوئے صدر اے پی این جی اوز اسوسی ایشن مسٹر اشوک بابو نے کہاکہ کسی بھی سیاسی جماعت کی اے پی این جی اوز اسوسی ایشن کی تائید و حمایت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے اپنے مسائل کو پارٹی انتخابی منشور میں شامل کرنے کیلئے سابق چیف منسٹرس این چندرا بابو نائیڈو اور این کرن کمار ریڈی سے بھی ملاقات کریں گے ۔