حیدرآباد 30 جولائی (یو این آئی) آندھراپردیش کی اصل حزب اختلاف وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر دو اگست کو ریاست میں بند منانے کی تمام جماعتوں سے اپیل کی ہے ۔ انہوں نے ٹریڈ یونینوں ، ایسوسی ایشنس ، سیاسی جماعتوں اور دیگر تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اس بند کو کامیاب بنانے کے لیے آگے آئیں جس کا مقصد اے پی کو خصوصی درجہ کے لیے مرکز پر دباو ڈالنا ہے ۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاست کو خصوصی درجہ دلانے میں ناکامی پر اے پی کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو پر نکتہ چینی کی۔انہوں نے کہاکہ حکمران جماعت تلگودیشم ریاست کے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے تلگودیشم کی دھوکہ دہی اور رشوت خوری کی حکمرانی کے خلاف تمام سے متحد ہونے کی اپیل کی۔انہوں نے کہاکہ چندرابابونائیڈو رشوت خور ہیں اور وہ نوٹ کے بدلے ووٹ گھپلے میں ملوث ہیں ۔ اس گھپلے سے بچنے کے لیے ہی وہ خصوصی درجہ کے مسئلہ پر بی جے پی حکومت کے خلاف آواز نہیں اٹھا رہے ہیں۔جگن نے نیشنل کونسل فار اپلائیڈ اکنامکس اینڈ ریسرچ (این سی اے ای آر )ادارہ کاحوالہ دیا اور کہا کہ اس ادارہ نے اے پی کو ملک کی سب سے زیادہ رشوت خور ریاست قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عوام کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے لیے تلگودیشم نے بی جے پی سے اتحاد کیا تھا ۔این ڈی اے کا حصہ ہونے کے باوجود کیوں تلگودیشم مرکز پر دباو ڈالنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے اس مسئلہ سے انحراف کرنے پر مرکزی وزیر خزانہ ارو ن جیٹلی پر بھی نکتہ چینی کی ۔