وائیٹ ہاؤس کے روبرو پاکستانی اقلیتوں کا احتجاجی مظاہرہ

واشنگٹن 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وائیٹ ہاؤس کے روبرو پاکستان کی مختلف اقلیتوں نے پاکستان میں اُن کی مبینہ نسل کشی کے خلاف ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ان کی شکایت ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کی منصوبہ بند طریقہ سے نسل کشی کی جارہی ہے اور اس وقت بین الاقوامی برادری کا یہ فرض ہے کہ وہ اُن کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ اُن کا الزام ہے کہ موجودہ پاکستانی حکومت اس وقت اُن کی شناخت ختم کرنے کے درپہ ہے۔ یو ایس کے متحدہ قومی موؤمنٹ (MQM) کے اہم منتظم ریحان عبادت نے کہاکہ اس وقت بین الاقوامی برادری کو ہمارا دُکھ درد سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ہم نے آج جرأت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالآخر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا جس میں تمام اقلیتی گروپس جیسے مہاجر، بلوچ، گلگت، بلتستان، پشتون اور دیگر مذہبی اقلیتیں اپنے لئے الگ ملک کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ ہمارا حق خودداری بھی برقرار رہے۔ احتجاج میں شریک تمام اقلیتوں کی جانب سے یہ بات کہی گئی۔ اس موقع پر تمام اقلیتی گروپس کے نمائندے وہاں موجود تھے اور اپنے ہاتھوں میں بیانرس اور پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے۔