واشنگٹن ۔ 20 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) شاذ و نادر رونما ہونے والے ایک واقعہ میں ایک ادھیڑ عمر کے شخص کے امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ وائیٹ ہاؤس کی فصیل پھلانگ کر اندر آجانے اور سبزہ زار پر چہل قدمی کرتے کرتے عمارت کے داخلی دروازہ تک پہنچ جانے کے واقعہ نے سب کو حیرت زدہ کردیا اور سکیورٹی گارڈس کے ہاتھوں اُس کی گرفتاری کے بعد وائیٹ ہاؤس کی عمارت کا جزوی طورپر تخلیہ کروایا گیا ۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب صدر اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما کچھ منٹ پہلے ہی وائیٹ ہاؤس سے روانہ ہوئے تھے ۔ دراندازی کرنے والا مذکورہ شخص غیرمسلح تھا اور اُسے عمارت کے داخلی دروازہ کے قریب گرفتار کرلیا گیا ۔ گزشتہ شب اوباما اور مشیل اوباما وائیٹ ہاؤس سے ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعہ کیمپ ڈیوڈ کیلئے روانہ ہوئے تھے جہاں وہ ویک اینڈ گزاریں گے ۔
اُن کی روانگی کے نصف گھنٹے بعد ہی یہ واقعہ پیش آیا اور عمارت سے رپورٹرس اور دیگر اسٹاف کا جزوی طورپر تخلیہ کروایا گیا اور کچھ دیر تک عمارت کو مقفل رکھا گیا ۔ درانداز کرنے والے شخص کی 42 سالہ عمر گونسالیز کی حیثیت سے شناخت عمل میں آئی ۔ اب تک یہ معلوم نہیں ہوا ہے کہ اُس نے وائیٹ ہاؤس کی فصیل کو پھلانگ کر اندر آنے کی کوشش کیوں کی ۔ گرفتاری کے بعد عمر کو طبی جانچ کیلئے ہاسپٹل روانہ کیا گیا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ وائیٹ ہاؤس کی فصیل کو پھلانگ کر دراندازی کا واقعہ کوئی نیا نہیں ہے لیکن ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی شخص فصیل پھلانگ کر داخلی دروازے تک جاپہنچا ہو۔ گزشتہ ہفتے بھی جب 9/11 کی برسی تھی ، ایک شخص وائیٹ ہاؤس کی فصیل پھلانگ کر گھس گیا تھا لیکن سیکریٹ سرویس والوں نے اُسے گرفتار کرکے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔