واشنگٹن ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وائیٹ ہاؤز میں آج سیکوریٹی کوتاہی کا غیرمعمولی واقعہ پیش آیا اور اسے عارضی طور پر مقفل کرنا پڑا کیونکہ صدر امریکہ بارک اوباما کی لڑکیوں کو لے جارہے سرکاری کاروں کے قافلہ میں ایک غیرمجاز کار بھی گھس آئی تھی۔ جیسے ہی خانگی کار وائیٹ ہاوز کے احاطہ میں داخل ہوئی وسیع و عریض کامپلکس کو مقفل کردیا گیا۔ یہ کاروں کا قافلہ اوباما کی لڑکیوں مالیا اور شاشا کو وائیٹ ہاؤز واپس لارہا تھا۔ حکام نے اس خانگی کار کی تلاشی لی گئی لیکن کچھ بھی برآمد نہیں ہوا۔ اس وقت اوباما وائیٹ ہاؤز میں موجود تھے۔ خانگی کار کے مالک گولڈ اسٹین کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور اس پر غیرقانونی داخلہ کا الزام ہے۔ تقریباً ایک گھنٹہ بعد وائیٹ ہاؤز میں موجود صحافیوں کو بتایا گیا کہ قفل کھول دیا گیا ہے۔