وائٹ ہاؤس کے افسر رابطہ دس دن کے اندر اندر برطرف

واشنگٹن ۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) وائٹ ہاؤس کے افسرِ رابطہ اینتھنی سکاراموچی کو اپنے عہدے پر تعینات ہونے کے صرف دس دن کے اندر اندر برطرف کر دیا گیا ہے۔سکاراموچی وال سٹریٹ کے سابق ماہرِ مالیات ہیں۔ انھیں اس وقت شدید تنقید کا نشانہ بننا پڑا جب انھوں نے ایک رپورٹر سے فون پر بات کرتے ہوئے اپنے رفقائے کار کے بارے میں گالیوں بھری زبان استعمال کی۔صدر ٹرمپ کے چیف آف سٹاف رائنس پریبس اور ترجمان شان سپائسر دونوں نے سکاراموچی کی تعیناتی کے بعد اپنے عہدے چھوڑ دیے تھے۔پیر کے روز چیف آف سٹاف جان کیلی نے سکاراموچی کو برطرف کیا۔وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ بھی سکاراموچی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے۔