وائٹ ہاؤس نے کچھ میڈیا تنظیموں پر پابندی لگائی

واشنگٹن۔25 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام)  امریکہ میں وائٹ ہاؤس نے عوامی طور پر اس کی تنقید کرنے سے ناراض ہوکر کچھ میڈیا تنظیموں پر پریس کانفرنس میں حصہ لینے پر پابندی لگا دی ہے ۔وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ترجمان شان ا سپائسر کی پریس کانفرنس میں بی بی سی، دی نیو یارک ٹائمز، اور سی این این جیسے اداروں کے صحافیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے اور انہیں اندر نہیں جانے دیا گیا۔تاہم صحافیوں کو پریس کانفرنس سے باہر کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے ۔ پریس کانفرنس میں رائٹرسمیت کل ملاکر۱10میڈیا تنظیموں کو ہی پریس کانفرنس کے لیے اندر جانے دیا گیا۔
شمالی کوریا اور امریکی انتظامیہ کے درمیان مقررہ مذاکرات منسوخ
سیول۔25 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے شمالی کوریا کے اعلی نمائندوں کو ویزا دینے سے انکار کئے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے مقرر مذاکرات منسوخ ہو گئے ہیں۔ اخبار وال سٹریٹ جرنل نے آج یہ اطلاع دی۔ اخبار کے مطابق دونوں ممالک کے وزارت خارجہ کے اعلی حکام کے درمیان نیویارک میں یکم اور 2 مارچ کو بات چیت ہونی تھی لیکن شمالی کوریا کے نمائندے چے سون ہوئی کو ویزا دیے جانے سے انکار کرنے پر یہ منسوخ ہو گئی ہے ۔ تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ کن وجوہات کی بنا پر انہیں ویزا دیے جانے سے انکار کیا گیا ہے۔