وائس چانسلر وشوا بھارتی یونیورسٹی کو نوٹس وجہ نمائی

نئی دہلی ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل نے وائس چانسلر وشوا بھارتی یونیورسٹی ششانتا دتہ گپتا کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے انتظامی اور مالیاتی بے قاعدگیوں کے الزامات پر وضاحت طلب کی ہے جس کی نشاندہی وزارت کی جانب سے قائم کردہ 3 رکنی کمیٹی نے کی ہے ۔ مرکزی وزارت HRD کے عہدیداروں نے بتایا کہ دتہ گپتا کو وضاحت پیش کرنے کے لیے 21 دن کی مہلت دی گئی بصورت دیگر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ صدر جمہوریہ جو کہ سنٹرل یونیورسٹیز کے ویزیٹر ہیں ۔ وائس چانسلر کو ہٹا دینے کے لیے جنرل کلاسس ایکٹ کے دفعہ 16 کا استعمال کرسکتے ہیں ۔ مرکزی وزارت نے دتہ گپتا کو نوٹس وجہ نمائی جاری کرنے کے لیے گذشتہ ہفتہ صدرجمہوریہ سے منظوری حاصل کرلی تھی ۔