طلبہ کو نہیں ‘ مجھے گرفتار کیجئے ‘ پولیس کو روہت کی والدہ کا چیلنج
حیدرآباد ۔ 28 مارچ ( این ایس ایس ) حیدرآباد یونیورسٹی کے متوفی دلت ریسرچ اسکالر روہت ویمولہ کی ماں رادھیکا نے پولیس کو آج چیلنج کیا کہ ناانصافی اور ہراسانی کے سبب ان کے بیٹے کی خودکشی کے واقعہ کے خلاف جدوجہد کرنے والے یونیورسٹی طلبہ کو نہیں بلکہ خود انہیں ( رادھیکا کو) گرفتار کر کے دکھائیں ۔ رادھیکا نے کہا کہ پولیس اب اُدئے بھانو کو دھمکیاں دے رہی ہے جو یونیورسٹی حکام کی جانب سے کیمپس کو غذا کی فراہمی بند کئے جانے کے بعد بھوکے طلبہ کیلئے کھانا تیار کررہا تھا ۔ رادھیکا نے پولیس کی مبینہ زیادتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ تمام بچوں کی تکلیف پر ماں کا درد یکساں ہوتا ہے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بیٹا روہت ایک اچھاطالب علم تھا لیکن اس کو ہراساں کرنے والے وائس چانسلر پوڈیلی اپا راؤ کو بی جے پی کی تائید حاصل ہے جس کی بدولت وہ ( اپا راؤ) اس عہدہ پر فائز ہیں ۔ رادھیکا نے یونیورسٹی کی اس صورتحال کیلئے وائس چانسلر اپا راؤ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پولیس سے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔