چیف منسٹر کی منظوری ، اجلاس میں صورتحال کا جائزہ
حیدرآباد۔/21جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں یونیورسٹیز کے وائس چانسلر س کے عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرچ کمیٹی کی تشکیل کو منظوری دی ہے۔ چیف منسٹر نے آج تلنگانہ میں واقع یونیورسٹیز پر جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں وائس چانسلر کے عہدوں پر تقررات اور دیگر اُمور کا جائزہ لیا گیا۔ تلنگانہ میں کئی اہم یونیورسٹیز میں وائس چانسلرس کے عہدے مخلوعہ ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے سرچ کمیٹی کے قیام کو منظوری دیتے ہوئے جلد از جلد نئے وائس چانسلرس کے تقرر کی ضرورت ظاہر کی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کا احساس تھا کہ وائس چانسلرس کے تقرر میں تاخیر کے سبب یونیورسٹیز کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے لہذا جلد از جلد تقررات عمل میں لائے جائیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ یونیورسٹیز کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی ( جے این ٹی یو ) کے رجسٹرار کی حیثیت سے پروفیسر یادیا کے نام کو چیف منسٹر نے منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹیز کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے نئی قانون سازی کا بھی مشورہ دیا۔ چیف منسٹر کا احساس تھا کہ تمام اسٹیٹ یونیورسٹیز کیلئے ایک ہی چانسلر کی موجودگی مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی اہمیت و افادیت کو دیکھتے ہوئے کسی مخصوص شعبہ سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیت کو چانسلر مقرر کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں عہدیداروں سے تجاویز طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے نئی قانون سازی کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے وائس چانسلر و رجسٹرار کے عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط مدون کرنے کی ہدایت دی۔