حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون (سیاست نیوز) انجنیئرنگ کالجس میں داخلوں کا مسئلہ جواہرلال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی نے حل کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ تعلیمی سال 2015-16 ء کے دوران انجنیئرنگ 76,635 نشستوں پر داخلوں کی اجازت حاصل رہے گی۔ حکومت اور کالجس کے انتظامیہ کے درمیان جاری رسہ کشی جو عدالت تک پہنچ گئی تھی، اسے یونیورسٹی انتظامیہ نے حل کرتے ہوئے ریاست کے 220 کالجس کو اجازت نامہ فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یونیورسٹی ذرائع کے بموجب انجنیئرنگ کالجس میں داخلوں کی اجازت کیلئے جملہ 245 کالجس نے درخواستیں داخل کی تھی جن میں سے 220 کالجس کو داخلے حاصل کرنے کی اجازت فراہم کردی ہے جبکہ 25 کالجس کی درخواستوں کو مسترد کردیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جن کالجس کو یونیورسٹی کی جانب سے اجازت حاصل نہیں ہوئی ہے ، وہ کالجس عدالت سے رجوع ہونے کے مجاز ہیں، چونکہ عدالتی فیصلہ کے مطابق انہیں تنقیح کے بعد اجازت ناموںکی اجرائی کے معاملہ کی تکمیل پر اعتراض کی صورت میں عدالت سے رجوع ہونے کی گنجائش فراہم کی گئی تھی۔ جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کی جانب سے گزشتہ ایک برس کے دوران ریاست کے مختلف انجنیئرنگ کالجس کی تنقیح کا عمل جاری تھا اور جاریہ ماہ کے اواخر میں یونیورسٹی نے بیشتر کالجس کے اجازت ناموں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن کالجس کے انتظامیہ نے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے واضح احکام حاصل کئے چونکہ کالجس میں داخلوںکی اجازت اور شرائط و ضوابط کے معاملات آل انڈیا کونسل برائے تکنیکی تعلیم کے پاس موجود ہے اسی لئے اے آئی سی ٹی ای نے ریاست کے بیشتر کالجس کو اجازت فراہم کر رکھی ہے لیکن حکومت اور یونیورسٹی کا استدلال ہے کہ کالجس میں معیاری لیابس اور تدریسی عملہ کی عدم موجودگی کے سبب ریاست کے انجنیئرنگ طلبہ کا معیار گھٹتا جارہا ہے۔ 220 کالجس کو داخلوں کی اجازت کے ساتھ اس بات کی بھی وضاحت کی گئی ہے کہ یونیورسٹی تنقیحی عمل جاری رکھے گی اور کالجس کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے اقدامات کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔