تلنگانہ کانگریس کمیٹی سے تیاریاں، مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین کی شمولیت متوقع
حیدرآباد 5 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے 20 نومبر کو ورنگل میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کا جلسہ عام منعقد کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ راہول گاندھی کی موجودگی میں دوسری جماعتوں کے مزید کئی قائدین کانگریس میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ راہول گاندھی نے ورنگل کے جلسہ عام میں شرکت کرنے سے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے۔ راہول گاندھی کے آفس نے بھی 20 نومبر کو ورنگل میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں راہول گاندھی کی شرکت کی توثیق کردی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ورنگل میں جلسہ عام کانگریس کے لئے نیک شگون مانا جاتا ہے۔ 2003 ء میں بھی صدر کانگریس سونیا گاندھی کا ورنگل میں جلسہ عام منعقد کیا گیا تھا جس کے بعد کانگریس پارٹی 10 سال تک اقتدار میں رہی۔ اس جلسہ عام کو ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور میناریٹی گرجنا کے نام سے موسوم کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ حکمراں ٹی آر ایس کے کئی قائدین کانگریس میں شامل ہونے کے لئے بے چین ہیں۔ اپنے نمائندوں کے ذریعہ مذاکرات کررہے ہیں۔ تلگودیشم کے مزید کئی قائدین بھی رابطے میں ہیں۔ کانگریس پارٹی میں ان کے پیشکش کا جائزہ لیا جارہا ہے جو قائدین کانگریس کے اُصولوں سے اتفاق کرتے ہیں اور عوام دشمن ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی جدوجہد میں شامل ہونا چاہتے ہیں، کانگریس پارٹی ان کی خدمات سے بھرپور استفادہ کرے گی۔ انھوں نے کہاکہ راہول گاندھی کا سنگاریڈی میں منعقدہ جلسہ عام کی کامیابی کے بعد کانگریس کیڈر میں ایک نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی تیزی سے مستحکم ہورہی ہے۔ ورنگل کے جلسہ عام کے بعد مزید طاقتور ہوجائے گی۔