نیچی ذات کی طالبہ کو چھونے پر کھانا پھینک دینے والی گورنمنٹ اسکول کی خاتون باورچی برطرف

اُدے پور 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے اُدے پور ڈسٹرکٹ میں ایک گورنمنٹ اسکول کی خاتون کوک کو دوپہر کے کھانے کو پنچی ذات سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ کے چھونے کے بعد مبینہ طور پر پھینک دینے پر اسکول سے نکال دیا گیا ہے۔ اس اسکول کے پرنسپل نے یہ بات بتائی۔ اس خاتون کوک کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوجانے کے بعد یہ کارروائی کی گئی جس میں میگھوال کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی کلاس 8 طالبہ کو اس کے خلاف ذات پر مبنی امتیاز برتنے کے اس واقعہ کو بیان کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کوک نے اس لڑکی کے خلاف کئے گئے امتیازی سلوک پر معذرت خواہی کی ہے لیکن اس سے مقامی افراد کی برہمی دور نہیں ہوئی اور وہ اس خاتون کے خلاف کارروائی چاہتے تھے لہذا اس خاتون کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گورنمنٹ گرلز ہائر پرائمری اسکول اتاردا، اُدے پور کے پرنسپل سشیل آریہ نے یہ بات بتائی۔ 2 جولائی کو خاتون کوک کملا وئیشنو نے مبینہ طور پر اسکول میں پکائے گئے دوپہر کے کھانے کو چھونے پر اس لڑکی کے ساتھ غلط برتاؤ کیا تھا کیوں کہ وہ نیچی ذات سے تعلق رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ اس نے اس لڑکی کے چھونے کی وجہ کھانے کو پھینک بھی دیا تھا۔