نیپا وائرس کا خوف و ہراس: تعلقہ ہسپتال کے ڈاکٹرس اور نرسیس کو چھٹی دے دی گئی

کوزی کوڈ ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) حکام کے مطابق بالوسری علاقہ میں نیپا وائرس سے متاثرہ دو افراد کی موت کے بعد حفظ حفظ ماتقدم کے طور پر اسپتال اسٹاف، نرس اور چار ڈاکٹرس کو چھٹی پر چلے جانے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ کیرالا کے جنوبی اضلاع میں نیپا وائرس سے اب تک جملہ 16 اموات ہوچکی ہیں۔ پچھلے دو دن پہلے دو افراد جو تعلقہ ہسپتال میں زیرعلاج تھے اس سے پہلے کہ کوزی کوڈ میڈیکل کالج ہسپتال میں ان کو منتقل کیا جاتا وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ایک سینئر ہیلت حکام نے کہاکہ بالوسری ہسپتال جہاں پر دو مریض زیرعلاج تھے۔ وہاں کے اسٹاف نرسیس اور چار ڈاکٹرس کو بطور احتیاط چھٹی لے لینے کی ہدایت دے دی گئی ہے اور ہسپتال میں علاج و معالجہ کے لئے متبادل انتظامات کئے گئے ہیں۔ 25 سالہ ریسن جس کی کل موت واقع ہوگئی تھی، ابتدائی طور پر بالوسری ہسپتال میں زیرعلاج تھا۔ اس کے علاوہ نکھیل بھی اسی وائرس سے متاثر تھا جو اسی ہسپتال میں زیرعلاج تھا۔ حکام کے مطابق مختلف مقامی اداروں نے بھی اُن سے رابطہ پیدا کیا تھا جس میں مقامی ایمپلائمنٹ ایکس چینج نے بھی اپنے آفس کو بند کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔ آفس کو بند کرنے کا مقصد دراصل عوامی مجمع سے اجتناب ہے۔ ذرائع کے مطابق کوزی کوڈ ڈسٹرکٹ کلکٹر یووی جوز ضلع میں نیپا وائرس کے پھیلاؤ پر کیرالا ہائیکورٹ میں اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے اور رپورٹ ابھی تکمیل کے مرحلہ میں ہے۔ کوزی کوڈ ڈسٹرکٹ کورٹ کامپلکس میں ایک سپرنٹنڈنٹ کو نیپا وائرس سے موت کے بعد ڈسٹرکٹ بار اسوسی ایشن نے ضلع کلکٹر سے درخواست کی کہ وہ ڈسٹرکٹ کورٹ کو عارضی طور پر بند کردیں۔ نیپاہ وائرس کے پھیلاؤ اور احتیاطی اقدامات کے طور پر آج کوزی کوڈ اور ملاپورم کے اسکول گرمائی تعطیلات کے بعد دوبارہ کشادگی عمل میں نہیں لائی گئی اور اب 5 جون کو اسکول دوبارہ کھولے جائیں گے۔ دریں اثناء ریاستی صحت حکام نے نیپا الرٹ کے تحت ہدایات جاری کیں۔