’نیپاہ ‘ وائرس سے کیرالا میں ایک اور موت

ریاست میں 13 اموات کی توثیق، موسیٰ کے خاندان میں چوتھا سانحہ
کوزی کوڈ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں مہلک وائرس ’’نیپاہ‘‘ سے ایک اور موت واقع ہوئی ہے۔ اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہوگئی۔ آج صبح وائرس کا شکار ایک شخص دواخانہ میں جانبر نہ ہوسکا۔ متوفی 61 سالہ وی موسیٰ گزشتہ چند روز سے اس وائرس کا شکار ہوئے تھے اور زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا تھے۔ انھیں یہاں ایک خانگی دواخانہ میں ونٹیلیٹر پر رکھا گیا تھا۔ ضلع کوزی کوڈ ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جنے شری ای نے بتایا کہ تقریباً 160 مریضوں کے نمونے معائنہ کے لئے وائیرلوجی انسٹی ٹیوٹ کو روانہ کئے گئے ہیں ان میں سے 13 کیس میں پازیٹیو پایا گیا ہے۔ موسیٰ کے خاندان میں یہ چوتھی موت ہے جبکہ موسیٰ کے فرزندان محمد صالح 28 سال، محمد صادق 26 سال اور ایک رشتہ دار مریم بھی قبل ازیں وائرس نیپاہ سے فوت ہوئے ہیں۔