نیپال :15 سالہ لڑکا5 دن بعد ملبہ سے زندہ نکالا گیا

کٹھمنڈو 30 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) نیپال میں ایک 15 سالہ لڑکے کو وہاں آئے ہلاکت خیز زلزلہ کے پانچ دن بعد آج ملبہ کے ڈھیر سے زندہ بچالیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ پیمبا لامبا نامی یہ لڑکا ایک عمارت کے ملبہ میں دبا ہوا تھا جس میں چار گیسٹ ہاوزیس تھے ۔ بچاؤ کاموں کی ایک نیپالی ٹیم نے اسے ملبہ کے کھینچ کر باہر نکالا ۔ یہاں پانچ گھنٹوں تک جدوجہد کی گئی جس کے بعد اسے نکالنے میں کامیابی ملی ۔ کہا گیا ہے کہ اسے پائپ کی مدد سے ادویات دی جا رہی ہیں تاکہ اس کی حالت کو مستحکم کیا جاسکے ۔ والینٹرس کی بھی ایک کثیر تعداد اس عمارت تک جدوجہد کے بعد پہونچی تھی جہاں کثیر آبادی اور تجارتی ادارے بھی ہیں۔ اس نوجوان کو زندہ نکالا جانا ایک تازہ کرشمہ ہے جبکہ ایک چار ماہ کی لڑکی کو بھکتا پور ٹاؤن میں زلزلہ کے 22 گھنٹوں کے بعد زندہ نکالا گیا تھا ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ وادی کٹھمنڈو میں سینکڑوں افراد ہنوز ملبہ میں دبے ہوئے ہیں اور انہیں نکالنے کی کوششیں چل رہی ہیں۔ صبح بارش ہوئی جس سے امدادی و راحت سرگرمیوں پر اثر پڑا ہے ۔

نیپال کو بڑے گوشت کی مددپر اعتراض
نئی دہلی 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وی ایچ پی نے آج ان اطلاعات پر سخت اعتراض کیا کہ پاکستان نے راحت رسانی سامان کے ساتھ نیپال زلزلے سے متاثرین کو بڑا گوشت روانہ کیا ہے ۔اس نے پاکستان کے رویہ کی مذمت کی اور اس پر مذہبی جذبات سے کھلواڑ کا الزام عائد کیا ۔ ذرائع ابلاغ نے پاکستان کے بڑا گوشت روانہ کرنے کی خبریں دی ہیں۔

نیپال زلزلہ،اقوام متحدہ کی
عالمی برادری سے41 کروڑ ڈالر کی اپیل
نیویارک۔30اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ نے زلزلے سے متاثرہ نیپال کی امداد کے لئے بین الاقوامی برادری سے 41کروڑ ڈالر کی اپیل کی ہے ‘ نیپال میں حالیہ زلزلے کے بعد کئی مقامات پر امدادی کام سست روی کا شکار ہے۔ نیپالی حکومت کا کہنا ہے کہ وسیع پیمانے پر تباہی سے نمٹنا اس کے بس سے باہر ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ادارہ اگلے تین ماہ تک نیپالی حکومت کی امدادی اور بحالی کے کاموں میں مدد کرنا چاہتا ہے۔تاکہ دور دارز کے علاقوں میں متاثرہ لوگوں تک امداد کی ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ نیپال کیلئے امریکہ نے بھی صرف دو روز قبل خطیر رقم امداد کا اعلان کیا ہے ۔ اسی طرح دیگر ممالک بشمول پاکستان اور ہندوستان بھی نیپال کی امداد کیلئے پیش پیش ہے۔