نیپال کے زلزلہ میں پھنسے ہوئے شہریوں کی تلاش

سڈنی۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) ایشیائی ممالک ہزاروں شہریوں کی جو نیپال کے زبردست زلزلہ کے بعد وہاں پھنس گئے ہے جن سے مواصلاتی ربط اور ٹرانسپورٹ کا ربط ختم ہوچکا ہے ‘ تلاش کررہے ہیں ۔ چین نے کہا کہ وہ چارٹرڈ پروازوں کے ذریعہ 683 سیاحوں کو زبردست زلزلہ کے بعد نیپال میں پھنس گئے ہیں منتقل کرے گا ۔ نیپال میں اس زبردست زلزلہ سے دارالحکومت کھٹمنڈو ملبہ کا ڈھیر بن گیا ہے ۔ یہ گذشتہ 80سال سے زیادہ مدت میں نیپال میں پیش آنے والی ہولناک آفات سماوی ہے ۔آسٹریلیا کی وزیر خارجہ جولی بشپ نے کہا کہ ان کی حکومت نے 549 آسٹریلیائی شہریوں میں سے 200سے ربط پیدا کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے جو جنوبی ایشیاء کے ملک نیپال میں پھنس گئے ہیں ۔ نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ مرے میک کلی نے کہا کہ 110سے زیادہ نیوزی لینڈ کے شہری نیپال میں موجود ہونے کا اندیشہ ہے ۔ اطلاعات کے بموجب زبردست جانی نقصان ہوا ہے لیکن موجودہ مرحلہ میں آسٹریلیائی شہریوں کی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔

وزیر خارجہ آسٹریلیا جولی بشپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محکمہ خارجہ کے بموجب نیپال کا سفر کرنے والے آسٹریلیائی شہریوں کا پتہ چلالیا گیا ہے ۔ جاپان کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اُس نے ایک لائزن دفتر اپنے 1100سے زیادہ شہریوں کی مدد کیلئے قائم کیا ہے جو نیپال میں مقیم ہیں ۔ خبررساں ادارہ جی جی کی خبر کے بموجب 2000سے زیادہ افراد مبینہ طور پر زلزلہ سے ہلاک ہوچکے ہیں ۔ جس کی وجہ سے سڑکوں میں شگاف پیدا ہوگئے ہیں اور ملک کے بیشتر علاقوں میں موبائیل فون نٹ ورک ناکارہ ہوچکا ہے ۔دنیا بھر کی حکومتوں کی جانب سے امداد کی پیشکش کا سلسلہ جاری ہے ۔ جاپان ‘ چین ‘ امریکہ اور یوروپی یونین کے ممالک نے آفات سماوی سے بچاؤ اور راحت رسانی کی ٹیمیں نیپال روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ آسٹریلیا نے 10لاکھ امریکی ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے ۔ آسٹریلیائی سوشل میڈیا نے لاپتہ شہریوں کے بارے میں اندیشوں کا اظہار کیا ہے ۔