نیپال کی ہر ممکنہ مدد کی جائیگی : نریندر مودی

نئی دہلی 25 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایسے وقت میں جبکہ نیپال میں ہلاکت خیز زلزلہ نے تباہی مچائی ہے وزیر اعظم نریندر مودی نے وعدہ کیا ہے کہ مشکل کے اس وقت میں نیپال کی ہر ممکنہ مدد کی جائیگی ۔ وزیر اعظم نے نیپال کے صدر رام بارن یادو اور وزیر اعظم سشیل کوئرالا سے فون پر بات چیت بھی کی ۔ مودی نے نیپال میں جان و مال کے بھاری نقصان پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیپال کا درد ہمارا درد ہے ۔ زلزلہ کے جھٹکے ہندوستان میں بھی محسوس کئے گئے اور یہاں بھی جانی و مالی نقصان ہوا ہے ۔ مودی نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نیپال کے وزیر اعظم اور صدر سے بات کی ہے اور انہیں تیقن دیا ہے کہ 125 کروڑ عوام کا یہ ملک ( ہندوستان ) نیپال کے ساتھ ہے ۔ قبل ازیں انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر بھی کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم نیپال سشیل کوئرالا سے بھی بات چیت کی ہے اور انہیں ہر ممکنہ مدد کا تیقن دیا ہے ۔ نریندر مودی نے مہلوکین کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ اس زلزلہ کی شدت نے انسانی دلوں کو متاثر کیا ہے ۔ اس سے جو نقصان ہوا ہے اس کاقطعی اندازہ ابھی نہیں کیا جاسکتا ۔ نریندر مودی نے ایک اعلی سطح کے اجلاس میں ہندوستان میں ہوئی تباہی کا بھی جائزہ لیا اور امدادی و راحت کاری کاموں کی راست نگرانی کی ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہر ممکنہ اقدامات کرنے کو کہا ۔ انہوں نے ملک کے متاثرہ علاقوں کو فوری امداد اور راحت رسانی و بچاؤ ٹیموں کو روانہ کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے زلزلہ سے متاثرہ ریاستوں کے وزرائے اعلی سے فون پر بات چیت بھی کی ۔