کٹھمنڈو 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے یوم جمہوریہ کے موقع پر نیپال کو 30 ایمبولنس گاڑیاں اور 6 بسیں بطور عطیہ دیں اور ملک کو امداد کا پیشکش کیا تاکہ وہ خوشحالی حاصل کرسکے۔ ہندوستان کا موقف 70 ویں یوم جمہوریہ تقریب کے موقع پر ایک خیرسگالی کے طور پر سامنے آیا۔ ہندوستان کے سفیر برائے نیپال منجیو سنگھ پوری نے گاڑیوں کی چابیاں حکومت نیپال کے سپرد کردیں۔ 1994 ء سے اب تک حکومت ہند نے 722 ایمبولنس گاڑیاں اور 142 بسیں نیپال کو بطور عطیہ دی ہیں۔سفیر پوری نے جنگ میں حصہ لینے والے عمر رسیدہ فوجیوں میں جن کا تعلق گورکھا رجمنٹ سے تھا، 53 اسکولوں اور لائبریریوں کے لئے بطور تحفہ کتابیں تقسیم کیں۔ اُنھوں نے ترنگا لہرایا اور صدرجمہوریہ ہند کا قوم کے نام پیغام جو 70 ویں یوم جمہوریہ تقریب کے موقع پر دیا گیا تھا، پڑھ کر سنایا۔