نیپال کا چین سے تیل درآمد کرنے معاہدہ

کھٹمنڈو29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نیپال نے ہندوستان کی جانب سے تیل کی سربراہی پر پابندی عائد کرنے کے بعد تیل کی کمی پوری کرنے کے لئے چین سے تیل اور ڈیزل درآمد کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔ امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیپال آئل کارپوریشن کے افسر دیپک برل نے کہا کہ بیجنگ میں چائنا نیشنل آئل کارپوریشن سے تیل کی درآمد کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔  یہ پہلا موقع ہو گا کہ نیپال ہندوستان کے علاوہ کسی اور ملک سے تیل لے گا۔ ہندوستان نے نیپال کو تیل مہیا کرنے پر پابندی اس وقت لگائی تھی جب نیپال میں مدھیشی برادری نے نئے آئین میں مزید حقوق کے لئے مظاہرے کئے۔ مدھیشیوں کا کہنا ہے کہ نیپال کے نئے آئین میں ان کے حقوق کا مناسب خیال نہیں رکھا گیا۔