کٹھمنڈو۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیپال اور ہندوستان کے درمیان تعلقات بعض معمولی اختلافات کے باوجود وقفہ وقفہ سے خوشگوار برقرار رہے ہیں۔ یہ قریبی پڑوسی ممالک کے درمیان ایک فطری بات ہے۔ وزیر خارجہ نیپال پرادیپ جاولی نے جو سی پی این ۔ یو ایم ایل کے سینئر قائد ہیں، آج کہا کہ نیپال اپنے تمام پڑوسی ممالک بشمول ہندوستان اور چین سے مساوات اور باہمی مفاد کی بنیاد پر خوشگوار اور دوستانہ تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیاریاں وزیراعظم کے پی شرما اولی کے دورۂ ہند کے سلسلے میں شروع ہوچکی ہیں۔ وزیراعظم بننے کے بعد یہ ان کا پہلا غیرملکی دورہ ہوگا۔ قطعی تاریخ کا اعلان بعدازاں کیا جائے گا، تاہم دورہ 6 تا 8 اپریل 2018ء کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔