نیپال میں ہندوستانی قونصل خانہ کے باہر بم دھماکہ

کٹھمنڈو ؍ نئی دہلی ۔ 17اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) نیپال کے بیراٹ نگر میں گزشتہ رات ہندوستانی قونصل خانہ کے دفتر کے باہر ایک بم دھماکہ پیش آیا ، لیکن معمولی نوعیت کے دھماکے میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان راویش کمار نے کہاکہ کٹھمنڈو میں ہندوستانی سفارتخانہ نیپال حکومت کے ساتھ ربط میں ہے اور اُس ملک کے سکیورٹی حکام اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں ۔ راویش کمار نے کہاکہ ایمبیسی کے کیمپ آفس واقع بیراٹ نگر میں باؤنڈری وال کے قریب 16 اپریل کو رات 8:15 بجے معمولی دھماکہ پیش آیا ۔ اس واقعہ میں کسی کو بھی زخم نہیں آئے ۔ نئی دہلی میں سکیورٹی انتظامیہ کے ذرائع نے کہاکہ دھماکے سے تقریباً ایک فٹ ضرب 1.5 فیٹ کا سوراخ قونصل خانہ کی دیوار میں ہوگیا ہے اور یہ نقصان آفس بلڈنگ کی عقبی سمت ہوا ۔ ذرائع نے کہاکہ دھماکہ کے وقت آفس میں کوئی بھی نہیں تھا ۔ قونصل خانہ کا کیمپ آفس نیپال اور شمالی بہار میں سیلاب کے دوران قائم کیا گیا تھا ۔ کٹھمنڈو پوسٹ کے مطابق نیپال پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ وہ تحقیقات کررہے ہیں کہ دھماکہ کس چیز کے سبب پیش آیا ۔