کھٹمنڈو ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شدید بارش اور تیز آندھی کی وجہ سے 31 افراد کے ہلاک ہونے 600 دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ جنوبی نیپال کے متعدد علاقے شدید بارش اورتیز آندھی سے متاثر ہوئے جن میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور بڑے بڑے درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور برقی کھمبے بھی گر پڑے۔ بارا اور پارسا ڈسٹرکٹ کے مواضعات بارش اور آندھی سے شدید طور پر متاثر ہوئے۔ عہدیداروں کے مطابق بارا میں 27 افراد اور پارسا میں 4افراد ہلاک ہوئے۔ ہواؤں کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ سڑک پر چلنے والی بس جس میں مسافرین سوار تھے، ہوا کے زور سے کافی دور تک اڑتی چلی گئی جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ متاثرہ علاقوں میں راحت رسانی کیلئے سیکوریٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔