نیپال میں سڑک حادثات 17 افراد بشمول 6 ہندوستانی ہلاک

کٹھمنڈو ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی نیپال میں آج دو علیحدہ سڑک حادثات میں 17 افراد بشمول 6 ہندوستانی ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوگئے۔ کولکتہ سے تعلق رکھنے والے 6 ہندوستانی سیاح اس وقت ہلاک اور 5 دیگر زخمی ہوگئے جب ایک جیپ جس میں وہ سوار تھے ، مرسنگڈی ندی میں گر پڑی اس جیپ میں جملہ 10 ہندوستانی سیاح تھے اور وہ سیاحتی مقام پوکھرا سے کٹھمنڈو جارہے تھے۔ زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں جنہیں ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ ایک اور حادثہ میں 11 افراد ہلاک اور 7 دیگر اس وقت زخمی ہوگئے جب مسافرین کی بس سڑک پر بے قابو ہوکر ندی میں گر پڑی۔

خالدہ ضیاء کے خلاف ہتک عزت کے دو مقدمات مسترد
ڈھاکہ ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی حکمراں عوامی لیگ کے حامیوں کی جانب سے اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیاء کے خلاف اہانت آمیز ریمارکس پر دائر کردہ دو ہتک عزت مقدمات کو عدالت نے مسترد کردیا ۔ خالدہ ضیاء نے وزیراعظم شیخ حسینہ کے آبائی ضلع کے بارے میں نفرت انگیز تبصرہ کیا تھا ۔ ڈھاکہ کی عدالت نے خالدہ ضیاء کے خلاف درج شکایت کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ ڈھاکہ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نے سماعت کے بعد کہا کہ یہ واضح نہیں ہوپایا کہ خالدہ ضیاء کے تبصرہ سے آخر کس طرح شکایت کنندہ کو ہتک محسوس ہوئی ۔ کل بھی اسی عدالت نے ایسی ہی ایک شکایت مسترد کردی تھی۔