کھٹمنڈو۔ 21 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیپال کے مغربی علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے رونما ہونے والے زمین کھسکنے کے دو واقعات میں کم و بیش 13 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 9 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ موضع انگ لونگ میں زمین کھسکنے کے واقعہ میں ایک مکان میں موجود نو افراد دب کر ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع پیوٹھان میں زمین کھسکنے کے واقعہ میں ایک مکان منہدم ہوگیا جس میں چار افراد ہلاک ہوگئے ۔ مہلوکین میں ایک دو سالہ لڑکی اور ایک دس ماہ کا بچہ بھی شامل ہیں۔ پولیس اہلکار ، فوجی اور ریڈکراس کے مقامی بچاؤ کار حادثہ کے مقام پر بچاؤ کاری میں مصروف ہیں ۔