نیپال میں رام ۔سیتا کی علامتی شادی ، آدتیہ ناتھ کی شرکت

کٹھمنڈو ۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ آج نیپال کے تاریخی شہر جنک پور پہنچے جہاں وہ لارڈ رام کی علامتی شادی میں شرکت کریں گے۔ ہندوؤں کی مقدس کتاب رامائن کے مطابق لارڈ رام نے سیتا سے جنک پور میں شادی رچائی تھی جو دراصل سیتا کے پیدائشی مقام کے طور پر مشہور ہے۔ 1910ء میں یہاں ایک وسیع و عریض مندر سیتا کی یاد میں تعمیر کیا گیا تھا۔ تین منزلوں پر مشتمل اس مندر میں پتھر اور سنگ مرمر کا استعمال کیا گیا تھا جس کی بلندی 50 میٹر بتائی گئی ہے اور یہ 4,860 مربع فیٹ کے رقبہ پر پھیلا ہوا ہے۔ دریں اثناء وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ شری رام جانکی وواہ میں شرکت کے لئے آدتیہ ناتھ جی آج یہاں پہنچے ہیں جن کا عزت مآب چیف منسٹر صوبہ 2 اور ہندوستانی سفیر متعینہ نیپال ایم ایس سوری نے استقبال کیا۔ یہاں اس بات کا تدکرہ بھی ضروری ہے کہ جاریہ سال مئی میں وزیراعظم ہند نریندر مودی نے بھی جنک پور کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے جنک پور اور ایودھیا کے درمیان نہ صرف بس خدمات کا بلکہ صوبہ نمبر 2 کیلئے 100 کروڑ روپئے کی امداد کا بھی اعلان کیا تھا۔