نیپال میں راحت کاری کیلئے خواتین اور لڑکیوں کو ترجیح

آفات سماوی کے بعد خواتین اور لڑکیوں کا ہر طرح سے استحصال کیا جاتا ہے : امریکی کانگریس کی قرارداد
واشنگٹن ۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیپال میں آئے ہلاکت انگیز زلزلہ میں خصوصی طور پر متاثر خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے تحفظ کیلئے امریکی ایوان نمائندگان میں ایک کانگریشنل قرارداد متعارف کی گئی، جس میں یہ وضاحت کی گئی ہیکہ امریکہ کو حکومت نیپال کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے خصوصی طور پر خواتین اور نوجوان لڑکیوں کیلئے راحت کاری کو انسانی بنیادی پر ترجیح دینی پڑے گی۔ خواتین اور نوجوان لڑکیاں اکثر و بیشتر آفات سماوی کے بعد بچاؤ اور راحت کاری کے ثمرات سے محروم ہوجاتی ہیں اور پھر وہ اس موقف میں بھی نہیں ہوتیں کہ وہ راحت کاری عملہ کی توجہ اپنی جانب مبذول کرسکیں۔ یہ بھی دیکھنے میں آتا ہیکہ پریشان حال خواتین اور لڑکیوں کا جنسی استحصال بھی کیا جاتا ہے۔ لہٰذا نیپال کی تعمیرنو میں خواتین اور لڑکیوں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگی نئے سرے سے شروع کرسکیں۔ اس قرارداد کے 17 دیگر معاون اسپانسرس بھی ہیں۔ کانگریسی ہائیک ہونڈا نے بتایا کہ 25 اپریل اور 12 مئی کو آئے زلزلہ نے ملک کی معیشت کی کمر توڑ دی ہے۔ ایسے حالات میں خواتین اور لڑکیوں کی غیرقانونی تجارت کرنے والے سرگرم ہوجاتے ہیں کیونکہ حالات سے پریشان خواتین اور لڑکیاں ان کا آسان شکار ہوتی ہیں۔