نیپال میں جیپ حادثہ، 7 یاتری ہلاک اور 7 دیگر زخمی

کٹھمنڈو۔ 16؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ 7 ہندو یاتری آج ہلاک اور دیگر 7 زخمی ہوگئے جب کہ ان کی جیپ کار پہاڑی سڑک سے پھسل کر 200 میٹر گہری وادی میں گرگئی۔ مہلوکین اکالا دیوی مندر سرشیکوٹ جارہے تھے جب کہ ان کی جیپ سینی ٹھمکا کے علاقہ میں پہاڑی سڑک سے پھسل کر 200 میٹر گہرائی میں گرپڑی۔ یہ حادثہ ایک ایسے وقت پیش آیا جب کہ نیپالی عوام ہولی کا تہوار منارہے ہیں۔ مہلوکین میں ایک 16 سالہ لڑکی اور باقی 30 اور 40 سال کی درمیانی عمر والے افراد شامل ہیں۔ 7 مسافر زخمی ہوگئے جنھیں ضلع پلپا کے مشن ہاسپٹل میں علاج کے لئے شریک کردیا گیا۔ حادثہ کی وجوہات کا ہنوز علم نہیں ہوسکا۔ وادیٔ کٹھمنڈو اور دیگر پہاڑی علاقوں کے عوام نیپال میں ملک گیر سطح پر فالگن کے مہینہ کی پورن ماشی کو ہولی کا تہوار مناتے ہیں۔ ترائی کا علاقہ اور میدانی علاقے اگلے دن ہولی مناتے ہیں۔