نیپال میں تازہ جھٹکوں سے سنسنی

کٹھمنڈو۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیپال میں آج زلزلے کے تازہ ترین جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے نتیجہ میں عوام میں مزید ہراسانی پھیل گئی۔ حکام نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس دوران 3 افراد کرشماتی طور پر زندہ پائے گئے جو 8 دن سے ملبہ میں دفن تھے۔ 8 دن قبل 7.9 شدت کے ہلاکت خیز زلزلہ میں منہدمہ ایک عمارت کے ملبہ سے 105 سالہ ایک شخص کو حیرت انگیز طور پر زندہ نکال لیا گیا۔ اس دوران چین نے نیپال کی ہنگامی درخواست پر اپنی مسلح پولیس فورس راحت کاری اقدامات کیلئے روانہ کی ہے ۔ اس ٹیم نے ضروری ساز و سامان کے ساتھ فرینڈ شپ برج عبور کرلیا اور پہلی مرتبہ چین نے اپنے ملک کے باہر پولیس کو روانہ کیا ہے ۔

نیپال زلزلہ میں ہلاکتوں کی تعداد7040ہوگئی
طاقتور زلزلہ سے نیپال میں 160786 مکانات تباہ ‘ اقوام متحدہ کی رپورٹ ‘پانچ لاکھ مکانوں کی تباہی کا اندیشہ
کھٹمنڈو۔3مئی ( سیاست ڈاٹ کام) نیپال کے تباہ کن زلزلہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد آج 7040ہوگئی۔ جب کہ 14123 افراد زخمی ہیں ۔ نیپال کی پولیس کی خبر کے بموجب قومی پولیس کے عہدیدار بابو کانجی گری نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد 7040ہوگئی ہے جب کہ ملبہ سے مزید نعشیں دستیاب ہورہی ہیں ۔ ہلاک ہونے والے 54غیر ملکیوں میں کم از کم 38 ہندوستانی ہیں ۔ گذشتہ ہفتہ 7.9 شدت کے زلزلہ سے تباہ کاری اور مصائب کا ایک طویل سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ 48غیر ملکی بشمول 10ہندوستانی زخمی ہیں ۔ جب کہ 82غیر ملکی لاپتہ ہیں ۔ نیپال کے دورافتادہ پہاڑی علاقہ مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں ۔ امدادی اداروں نے انتباہ دیا ہے کہ راحت رسانی اشیاء کی آمد سست رفتار ہے اور دورافتادہ علاقوں کو یہ امداد پہنچانا بہت مشکل ہے ۔ زلزلہ کے تازہ جھٹکوں کی وجہ سے عوام اب بھی دہشت زدہ ہیں ۔ بین الاقوامی انسانی اداروں نے راحت رسانی کی کوششوں میں تیز رفتاری کی اپیل کی ہے ۔ یہ تخمینہ کے بموجب 40ہزار مکان صرف سندھو پال چوک میں تباہ ہوگئے ہیں ۔ بین الاقوامی وفاق برائے سلیبی احمر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ زلزلہ سے متاثرہ مکان پورے نیپال میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زیادہ ہوگئے ہیں ۔ 1934ء کے مہلک زلزلہ میں جن مکانوںمیں شگاف آئے تھے حالیہ زلزلہ میں تباہ ہونے والے مکانات کی تعداد اس کی دوگنی ہے ۔ اضلاع گورکھا اور سندھو پال چوک میں تباہی 90فیصد ہوئی ہے ‘ یہ بدترین متاثرہ علاقے ہیں ۔ اقوام متحدہ کے انسانی بنیاد پر کارروائی کرنے والے شعبے نے انسانی اُمور نامی ادارہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے جو تخمینہ کیا ہے اُس میں حکومت نیپال کا تعاون بھی شامل تھا ۔زلزلہ سے جملہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار 786مکان تباہ ہوگئے اور ایک لاکھ 43ہزار 642 مکانات کو نقصان پہنچا ۔ اندیشہ ہے کہ تباہ ہونے والے مکانات کی تعداد پورے نیپال میں پانچ لاکھ تک پہنچ سکتی ہے ۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں یعنی 2000سے زیادہ سندھو پال چوک اور دیگر سینکڑوں ضلع گورکھا میں ہوئیں جہاں اس ہولناک زلزلہ کا مبدہ واقع تھا ۔ تخمینہ کے بموجب 41کروڑ 50لاکھ امریکی ڈالر زلزلہ سے متاثرہ ملک کی انسانی بنیادوں پر امداد کیلئے فوری ضرورت ہے ۔