کٹھمنڈو 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے نیپال میں بیگم حضرت محل کی 136 ویں برسی کا اہتمام کیا اور وہاں ان کی مذار پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے ۔ بیگم حضرت محل نے 1857 – 58 میں برطانوی سامراج کے خلاف بغاوت کا آغاز کیا تھا ۔ نیپال میں ہندوستانی سفارتخانہ کے ناظم الامور پیوش سریواستو نے باغ بازار علاقہ کٹھمنڈو کی ایک مسجد میں بیگم حضرت محل کے مقبرہ پر پھول پیش کئے ۔ انہوں نے ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں بیگم حضرت محل کے رول کو واضح کیا ۔ بیگم حضرت محل اس وقت کے اودھ کے حکمران نواب واجد علی شاہ کی شریک حیات تھیں۔ وہ ایسی ہندوستانی مجاہد آزادی تھیں جنہوں نے برطانیہ کی ایسٹ انڈیا کمپنی کے خلاف 1857 کی پہلی جنگ آزادی میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ ان کے شوہر واجد علی شاہ کو کولکتہ منتقل کئے جانے کے بعد انہوں نے ریاست اودھ میں ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور لکھنو پر قابو حاصل کرلیا تھا ۔ انہوں نے اپنے فرزند شہزادہ برجیس قادرہ کو والی اودھ مقرر کردیا تھا تاہم بعد میں اپنے اقتدار سے محروم کردئے گئے تھے ۔ بیگم حضرت محل کا نیپال میں 7 اپریل 1879 کو انتقال ہوا تھا ۔