نئی دہلی ۔ 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نیپال میں 25 اپریل کے زلزلہ کے فوری بعد بچاؤ کارروائی کیلئے تعینات کی گئی تھی اور اس کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نیپال نے این ڈی آر ایف سے خواہش کی ہیکہ وہ ہندوستان واپس ہوجائے تاکہ تعمیرنو اور بازآباد کاری کے کام کا آغاز کیا جاسکے۔ رجیجو نے کہا کہ این ڈی آر ایف کی واپسی کا دوسرا مطلب نہ نکالا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہی نہیں بلکہ دیگر 33 ممالک کے کارکنوں کو بھی واپس روانہ کردیا گیا ہے۔ حکومت نے جملہ 16 این ڈی آر ایف جن میں سے ہر ایک میں 45 ارکان کے انسانی بنیادوں پر امداد ، راحت رسانی اور بچاؤ کارروائیوں کیلئے نیپال روانہ کی تھی۔ خصوصی تربیت یافتہ فوج نے 11 افراد کی جان بچائی۔ 132 نعشیں ملبہ سے برآمد کیں اور 1157 زخمیوں اور بیمار متاثرین زلزلہ کو طبی امداد فراہم کی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے پریس کانفرنس میں ان اعداد وشمار کا انکشاف کیا۔