کھٹمنڈو ۔ 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیپال نے آج ان تمام شاہراؤں اور سرحدی علاقوں کو رکاوٹوں سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہیں ہندوستانی نژاد مادھیسی گروپس نے ٹریفک کیلئے مسدود کر رکھا تھا جس کا سلسلہ تقریباً دو ماہ سے جاری تھا اور جس کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی نیپال کو سربراہی کا سلسلہ بھی مسدود ہوگیا تھا۔ اشیائے ضروریہ کے نیپال نہ پہنچنے کی وجہ سے قیمتیں آسمان کو چھونے لگی تھیں۔ خصوصی طور پر ایندھن، ادویات اور دیگر اہم اشیاء کی درآمد شدید طور پر متاثر ہوئی تھی۔ مادھیسیوں کا استدلال تھا کہ ملک کے نئے دستور میں انہیں حاشیہ پر کردیا گیا ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کی کوئی طمانیت نہیں دی گئی ہے۔ دریں اثناء وزارت داخلہ کی ترجمان لکشمی پرساد ڈھاکال نے کہا کہ شاہراہوں کے قریب سیکوریٹی میں شدت پیدا کردی گئی ہے تاکہ اہم شاہراؤں اور سرحدی علاقوں میں موجود رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے اور ساتھ ہی ساتھ وہاں پھنسی ہوئی مال بردار گاڑیوں اور دیگر گاڑیوں کو آگے بڑھنے کی راہ ہموار کی جاسکے۔ لہٰذا نیپال حکومت نے اب نیپال پولیس، مسلح پولیس فورس اور نیشنل انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کے ارکان کو خصوصی سیکوریٹی حکمت عملی کے تحت چوکس کردیا ہے۔