نیپال میں آندھرا پردیش کے 380 افراد وطن واپسی کے منتظر

حیدرآباد 26 اپریل ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے زائد از 380 باشندے نیپال میں آئے بھیانک زلزلہ کے بعد وہاں پھنسے ہوئے ہیں ۔ان کے منجملہ 47 کو نیپال سے نئی دہلی لایا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے آج یہ بات بتائی ۔ حکومت کے ایک اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ آندھرا پردیش کے تقریبا 380 افراد نیپال میں زلزلہ کے بعد سے پھنسے ہوئے ہیں۔ جملہ 47 افراد کو جن میں 28 کا تعلق حیدرآباد سے اور 19 کا وجئے واڑہ سے ہے دہلی لایا گیا ہے ۔ ان کی منتقلی انڈین ائر فورس کے طیاروں سے کل رات عمل میں آئی ہے ۔ ان طیاروں کی مدد سے جملہ 400 ہندوستانیوںکو واپس لایا گیا تھا ۔ ریاستی حکومت نے نئی دہلی میں اے پی بھون میں کنٹرول روم قائم کیا ہے ۔ اس کنٹرول روم کے ذریعہ گشتہ رات 33 معاملات رجوع ہوئے جن میں مدد کی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس نے ریاست سے تعلق رکھنے والے افراد کو جن کی دہلی منتقلی عمل میں آئی ہے قیام ‘ طعام اور دوسری سہولتیں فراہم کرنے کی ہر ممکنہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے منسٹر آف اسٹیٹ وائی ایس چودھری اور دہلی میں ریاست کے خصوصی نمائندے کے رام موہن راؤ کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاست سے تعلق رکھنے والے افراد کو فوری پروازوں کی سہولتیں فراہم ہوسکیں ۔ اے پی بھون کے عہدیدار نیپالی سفارتخانہ سے رابطہ میں ہیں اور وزارت خارجہ سے بھی تعاون کیا جا رہا ہے۔ جن افراد کو نیپال سے یہاں منتقل کیا جارہا ہے انہیں فوری ان کے مقامات کیلئے پروازیں فراہم کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔