نیپال سے ہندوستان کی بچاؤ ٹیموں کی واپسی کا فیصلہ

نئی دہلی 4 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اپنی بچاؤ ٹیموں کو نیپال سے واپس طلب کرلیگا ۔ دوسرے 34 ممالک بھی اپنی بچاؤ ٹیموں کو واپس طلب کر رہے ہیں ۔ حکومت نے آج یہ بات بتائی ۔ امدادی اور بچاؤ ٹیموں کو جن کا 34 ممالک سے تعلق ہے کہدیا گیا ہے کہ وہ اب اپنے وطن واپس چلے جائیں ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ کے 9 دن بعد بچاؤ کام مکمل ہوگئے ہیں اور اب آئندہ مرحلہ راحت رسانی اور تعمیر نو کا ہوگا جو جاری رہے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی اور بچاؤ کام پورا ہوچکا ہے ۔ ہندوستانی ریلیف و راحت رسانی کی کوششیں جا ری رہیں گی ۔ نیپال میں 25 اپریل کو آئے ہلاکت خیز زلزلہ کے بعد سب سے پہلے ہندوستان نے بچاؤ و راحت رسانی کے کاموں کا آغاز کیا تھا اور امداد روانہ کی تھی ۔