نیپال زلزلہ کے بعد دہلی میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ منصوبہ پر غور

نئی دہلی 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) نیپال میں آئے ہلاکت خیز زلزلہ کے بعد حکومت دہلی نے تباہیوں سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے فرضی ڈرلس کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ ساتھ ہی حکومت نے وسیع تر رہنما خطوط کے ساتھ ایک نیا ڈیزاسٹر مینجمنٹ منصوبہ تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے آفات سماوی سے نمٹنے حکومت کی ایجنسیوں کی تیاری کا جائزہ لیا ۔ سینئر سرکاری عہدیداروں کے بموجب حکومت نے ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ منصوبہ اور ضلع سطح کا منصوبہ بھی تیار کیا ہے ۔ دہلی کے تمام گیارہ اضلاع کیلئے یہ منصوبہ تیار کرنے کی تجویز ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ تین اضلاع کیلئے یہ منصوبہ پہلے ہی تیار کیا جاچکا ہے جبکہ مابقی اضلاع کیلئے منصوبہ کو قطعیت دی جا رہی ہے ۔