کٹھمنڈو ، 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نیپال میں ایک بس دریا میں گرنے سے کم ازکم 14 افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک سرکاری عہدیدار شیو راج جوشی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ حادثہ آج علی الصبح پیش آیا جب ایک مسافر بس پہاڑی علاقے چدیپانی کے قریب سدھارتھ ہائی وے سے پھسل کر تین سو میٹر نیچے دریا میں جا گری۔ واقعے میں 12 افراد موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ دو نے اسپتال میں دم توڑا۔ خبر رساں ادارہ ’اے پی‘ کے مطابق یہ حادثہ تنگ سڑک پر ہوا جب ڈرائیور مشکل موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ نیپال میں ٹریفک حادثات معمول کی بات ہیں جس کی وجہ سڑکوں کی نہایت خراب حالت ، پرانی گاڑیاں اور تیز رفتاری بتائی جاتی ہے۔