نیپال ایرپورٹ پر افراتفری کا عالم

کھٹمنڈو ۔ 27 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )نیپال کے واحد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر افراتفری کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے جہاں ہزاروں افراد بشمول ہندوستان و دیگر ممالک کے شہری اپنے ملک واپس ہونے کے خواہاں ہیں۔ عوام کی کثیرتعداد کو پیش نظر رکھتے ہوئے خواتین ، بچوں اور معمر شہریوں کے علاوہ زخمیوں کی منتقلی کو اولین ترجیح دی جارہی ہے ۔ کھٹمنڈو میڈیکل کالج کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ایرپورٹ کے اندر افراتفری کا ماحول پایا جاتا ہے ۔ عوام غیرمعمولی تھکاوٹ سے دوچار ہیں اور اس وقت وہ ذہنی تناؤ کے علاوہ ایک طرح کے خوف کا شکار ہیں۔ ہرشخص ایرپورٹ کے اندر اور باہر اپنے ملک واپسی کا بے چینی سے منتظر ہے لیکن طیاروں کی قلت اور ناسازگار موسم کے باعث ان تمام کو منتقل کرنا ممکن نہیں ۔