نیپالی پولیس نے ہندوستانی سرحد سے رکاوٹیں ہٹا دیں

کھٹمنڈو ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیپال میں پولیس نے ہندوستان کے ساتھ نیپالی سرحد پر واقع ایک چوکی سے مظاہرین کو ہٹا دیا ہے تاکہ وہاں کھڑے ٹرک ہندوستان جا سکیں۔ مظاہرین نے ہندوستان نپیال سرحد پر موجود دو اہم راستوں کو بند کر دیا تھا اور جس سے اہم سپلائی لائن متاثر ہوئی تھی۔نیپال کے جنوبی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مظاہرین کا کہنا ہے کہ نئے آئین میں انھیں حاشیہ گیا ہے۔ خیال رہے کہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان اگست سے جاری جھڑپوں میں 40 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پولیس اہلکار ہوبندرا بوگاتی نے بتایا کہ مظاہرین کے ہٹانے کے دوران پانچ مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے اور ہندوستان اور نیپال کے درمیان کسٹم چوکی کے پل پر بنائے جانے والے خیموں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد دو سو سے زیادہ ٹرک نیپال میں بیرگنج سے ہندوستانی شہر رکسول پہنچے جبکہ بہت سے دوسرے ابھی بھی قطار میں ہیں۔ گذشتہ دو ماہ کے دوران ہزاروں ٹرک ہندوستان سے نیپال نہیں جا پائے تھے۔ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے مظاہرین کے کیمپ پر پیر کی صبح اس وقت چھاپہ مارا جب لوگ ابھی بیدار بھی نہیں ہوئے تھے، انھوں نے خیموں کو ہٹا دیا اور ٹرکوں کو نیپال سے روانہ کر دیا۔