حیدرآباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ ایمسیٹ کی تواریخ میں تبدیلیاں کی جارہی ہیں ۔ ریاستی محکمہ اعلیٰ تعلیم نے انجینئرنگ اور اگریکلچر کے داخلہ ٹسٹوں کو 2 تا 4 مئی کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ مگر سی بی ایس ای سے نیٹ امتحان 6 مئی مقرر ہونے کے باعث بائی پی سی امیدواروں کو مد نظر رکھتے ہوئے مئی 2 ، 3 تواریخ میں اگریکلچر اور مئی 4 ، 5 ، 6 تواریخ میں انجینئرنگ کے داخلہ امتحانات منعقد کئے جانے کے امکانات ہیں ۔ تلنگانہ سے تقریبا 60 ہزار طلبہ نیٹ میں شرکت کی امید ہے ۔ جب کہ ایمسیٹ اگریکلچر کے داخلہ امتحان میں 90 ہزار طلبہ کی شرکت متوقع ہے ۔ نیٹ لکھنے والے طلبہ کی اکثریت میں سے یم سیٹ داخلہ امتحانات بھی لکھتے ہیں ۔ اس مناسبت سے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے چیرمین ٹی پاپی ریڈی نے بتایا کہ طلبہ کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے متبادلات پر عمل آوری کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ یم سٹ مئی 6 کو تاریخ کے اندر منعقد کرنے کا اعلان کرنے کے بعد بھی احتیاطی طور پر مئی 7 تاریخ کو دستیاب رکھا گیا ہے ۔ ریاست میں نیٹ کے امتحانات حیدرآباد اور ورنگل میں منعقد کئے جاتے ہیں جب کہ ایم سیٹ تمام قدیم اضلاع کے مستقر پر منعقد کئے جائیں گے اور بعض افراد کی جانب سے مسلسل امتحانات منعقد کرنے پر اعتراض جتانے کی وجہ سے بہترین متبادل کے طور پر پہلے اگریکلچر امتحان منعقد کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور اس مناسبت سے صلاح و مشورہ کرنے کے بعد عنقریب اعلان کیا جائیگا ۔۔